بھٹکل 11/اپریل (ایس او نیوز) آئندہ ماہ یعنی 12 مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بھٹکل کے ووٹروں کو اپنی حق رائے دہی کے صحیح استعمال اور وی وی پیڈ کے طریقہ کار کو آسان زبان میں مشق کراتے ہوئے سمجھانے کی مہم بھٹکل تعلقہ کے مختلف علاقوں میں چلائی جارہی ہے۔ اسی طرح کی ایک مہم آج بدھ کو مدینہ کالونی میں چلائی گئی اور مدینہ ویلفئیر سوسائٹی ہال میں ووٹروں کو دکھایا گیا کہ اُنہیں الیکٹرونک ووٹنگ مشین میں اپنی پسند کے نمائندے کو ووٹ کیسے کرنا ہے اور وی وی پیٹ مشین کا استعمال کس طرح کرنا ہے۔
سیکٹر آفسر ایلمّا نے پہلے کنڑا میں پھر مسلمانوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ہندی میں سمجھایا کہ کس طرح ووٹ کو قیمتی سمجھتے ہوئے اُسے ضائع نہیں ہونے دینا ہے اور پوری توجہ کے ساتھ اپنی پسند کے اُمیدوار کو ووٹ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں اپنی پسند کے اُمیدوار کے بٹن کو دبانے کے بعد وی وی پیٹ مشین کی اسکرین پر متعلقہ اُمیدوار کا سیریل نمبر یا پارٹی نشان نمودار ہوگا جو سات سکینڈ تک اسکرین پر نظرآئے گا۔ آپ کو دیکھنا ہے کہ آپ نے جس بٹن کو دبایا ہے ، وہی نمبر اسکرین پر نظرآیا ہے یا نہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ملک کی مختلف ریاستوں میں ہوئے انتخابات کے بعد الیکٹرونک ووٹینگ مشین پر سوالات اُٹھ کھڑے ہوئے تھے اور کہا جارہا تھا کہ کسی بھی اُمیدوار کے حق میں بٹن دبائے جانے پر ووٹ بی جے پی کو ہی جارہا ہے، ویسے تو الیکشن کمشنر کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی گئی تھی مگر عوام میں یہ بات زور پکڑتی جارہی تھی کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین میں گڑبڑی کی جارہی ہے۔ عوام الناس کی شکایتوں کو دیکھتے ہوئے اس بار الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے ساتھ ساتھ وی وی پیٹ مشین کا بھی استعمال کیا جارہا ہے تاکہ مشینوں کی گڑبڑی کی شکایتوں کا ازالہ کیا جاسکے۔
مدینہ ویلفئیر سوسائٹی کی عمارت میں آج ووٹروں کو اس تعلق سے مکمل معلومات فراہم کی گئی ہے اور اس بات کا جواب دیا گیا ہے کہ اگر بالفرض کوئی ووٹر شکایت کرتا ہے کہ اُس نے جس اُمیدوار کا بٹن دبایا تھا، وی وی پیٹ مشین پر متعلقہ اُمیدوار کی تفصیل نمودار نہیں ہوئی اور کسی اور کو ووٹ گیا ہے ، تو ایسے میں سیکٹر آفسر متعلقہ مشین کی جانچ کرے گا کہ کیا واقعی مشین میں گڑبڑی ہے یا نہیں، اگر شکایت درست ثابت ہوتی ہے تو پھر فوری طور پر متعلقہ بوتھ پر انتخابی کاروائی روکی جاسکتی ہے، لیکن اگر شکایت جھوٹی ثابت ہوتی ہے تو پھر غلط شکایت کرنے والے پر قانونی کاروائی ہوگی۔
اس موقع پر سیکٹر آفسر ایلمّا کے ہمراہ دیگر آفسران بھی موجود تھے، جالی پنچایت ممبر آفتاب دامودی ، مدینہ ویلفئیر اسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ہاشم زرزری، ڈاکٹر عارف محتشم سمیت عُسفا کے ذمہ داران اور دیگر ووٹرس حضرات اور خواتین وغیرہ موجود تھیں۔ کئی ایک نے اپنے خدشات کے تعلق سے سوالات کئے، کئی خواتین نے خود الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال کرکے دیکھا اور اپنے خدشات دور کئے۔
خیال رہے کہ کل جمعرات کو مخدوم کالونی میں بھی اسی طرح کی مشق کرائی جائے گی اور عوام کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی صحیح جانکاری دی جائے گی۔ مخدوم کالونی سمیت پاس پڑوس کے علاقوں کے ووٹرس متعلقہ علاقہ کے ذمہ داران سے رابطہ کرکے جمعرات کو منعقد کئے جانے والے پروگرام سے استفادہ کرسکتے ہیں۔